دبئی،15؍اکتوبر(ایس اونیوز ؍آئی این ایس انڈیا)متحدہ عرب امارات میں مقامی عدالت نے ایک ایشیائی شہریت رکھنے والے ڈرائیور کو 3 ماہ قید، 1.5 لاکھ درہم (تقریبا 40ہزار امریکی ڈالر) جرمانے اور ملک سے بے دخلی کی سزا سنائی ہے۔ عربی روزنامے ’’الامارات الیوم‘‘کی رپورٹ کے مطابق 41سالہ ملزم نے پارکنگ کی فیس سے بچنے کے لیے دو مرتبہ الکٹرونک پارکنگ ٹکٹ میں جعل سازی کی تھی جن کی مجموعی رقم 4درہم (تقریبا 1ڈالر)بنتی ہے۔دبئی میں روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایک تفتیش کار نے گاڑیوں پر لگے ٹکٹوں کے معائنے کے دوران دو درہم کے ایک ٹکٹ پر شک کا اظہار کیا تھا۔ باریک بینی سے جائزہ لینے پر ٹکٹ کی تاریخ میں واضح جعل سازی کا انکشاف ہو گیا۔ تاہم تفتیش کار کی غفلت سے ڈارئیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ دو روز بعد اسی علاقے میں مذکورہ ملزم نے ایک مرتبہ پھر اس حرکت کو دہرانے کی کوشش کی تو وہ تفتیش کار کی نظر میں آ گیا۔ پولیس کو اطلاع دینے جانے پر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا اور اس کے پاس سے دونوں تحریف شدہ ٹکٹ نکل آئے۔ ڈرائیور نے 4 درہموں کی ادائیگی سے بچنے کے لیے ان دو ٹکٹوں میں جعل سازی کا اعتراف کر لیا۔